بنگلورو۔11؍مارچ(ایس او نیوز) ٹمکور ضلع کے ہلیار کے ودیا وراھی انٹرنیشنل اسکول میں زہریلا کھانا کھانے سے تین بچوں کی موت کے سلسلے میں اسکول کے سابق پرنسپال روی کمار کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ٹپٹور کے ڈی وائی ایس پی وینو گوپال نے یہ بات بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کھانے میں زہر ملانے کے واقعہ میں سابق پرنسپل روی کمار کا ہاتھ ہونے کے شبہ میں پولیس نے یہ گرفتاری کی ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے، مسٹر وینو گوپال نے بتایاکہ اسکول کے مفرور مالک کرن کمار کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ہلیار کے سب انسپکٹر پروین ، چکنائکناہلی کے انسپکٹر مارپا اور وینو گوپال کی قیادت میں تین الگ الگ ٹیمیں روانہ کی ہیں جو بنگلور میں کرن کمار کی تلاش کررہی ہیں۔ اس معاملے میں اسکول کے سابق پرنسپل روی کمار کے ملوث ہونے کے متعلق پولیس کو ابھی کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ بتایاجارہا ہے کہ اس حادثہ کی رات روی کمار اور کرن کمار کے درمیان جھگڑا ہوا ، اسی لئے پولیس ان سے بھی پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے۔